غزہ کی پٹی پر وقفے وقفے سے اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے. منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہر کے مشرقی شہر خان یونس میں دومیزائل حملوں میں کم از کم ایک شخص شہید اور دیگر دو زخمی ہو گئے ہیں. مرکز اطلاعات فلسطین کو ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ نصف شب کیا گیا. اسرائیلی ایف سولہ طیاروں نے خان یونس میں العبسان کےمقام پر ایک مزاحمتی تنظیم”محافظین اقصیٰ” کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا.جس سے ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ متعدد دیگرعماروں کوبھی بری طرح نقصان پہنچا. دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں کے ذریعے بھی رات گئے خان یونس میں عبسان کے مقام پر گولے داغے گئے ہیں. تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان سے کتنا جانی نقصان ہوا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر نقل وحرکت میں بھی اضافہ کر دیا ہے. سرحد کے ساتھ ساتھ رہائش پذیر شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی گاڑیوں، ٹینکوں اور فوج کی بڑی تعداد کو متحرک دیکھا جا رہا ہے. خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملہ تازہ حملوں کی ایک کڑی سمجھی جا رہی ہے. گذشتہ دو روز کے دوران متعدد حملوں کے دوران چار فلسطینی شہید اور پچاس سے زیادہ زخمی چکے ہیں.