مقبوضہ مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کی حکومت نے غزہ کی پٹی کو ادویات کی فراہمی روک دی ہے جس کے بعد شہر میں ادویات کا سنگین بحران پیدا ہو گیا ہے. غزہ میں محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ غزہ میں گذشتہ ایک ماہ سے ادویات کی شدید قلت پائی جا رہی ہے اور رام اللہ اتھارٹی کی جانب سے ادویات کی فراہمی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے. محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک تازہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ غزہ اسپتال انتظامیہ کی طرف سے رام اللہ حکومت کو کئی مرتبہ ضروری ادویہ کی فراہمی کی فہرست ارسال کی جاتی رہی ہے، تاہم حکومت کی طرف سے ان کی درخواست پر کوئی جواب تک نہیں دیا گیا. محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام بڑے اسپتالوں میں بنیادی ضرورت کی ادویات کی 170 اقسام ناپید ہیں جبکہ دیگر طبی آلات جن کی کمی کا سامنا ہے کی تعداد 140 سے زیادہ ہے. فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے سب سے مشکل کم عمر،معمر اور خواتین مریضوں کو درپیش ہے.ادویات کی قلت کے باعث کئی ناگزیر آپریشن بھی التوا کا شکار ہیں ،جس کے نتیجے مریضوں کی مشکلات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے.