یو این ہیومنٹیرین افئیرز کے انڈر سیکرٹری جنرل جان ہولمز نے آزادی بحری بیڑہ جو غزہ محصورین کیلئے امدادی سامان لے کر جا رہا تھا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے کی وجہ جو بھی ہوگی، یہ واقعہ رونما نہیں ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2007 سے غزہ پر جاری محاصرے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اس محاصرے سے 15 لاکھ لوگ انتہائی کسمپرسی اور بے کسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس محاصرے سے بھوک ،افلاس اورخوراک کی کمی میں کا فی اضافہ ہوا ہے اور خود انحصاری کے بجائے سارا دارومدارامدادی سرگرمیوں تک محدود ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی معیشت بالکل تباہ ہوچکی ہے۔ ہولمز نے کہا کہ غزہ محاصرہ کو اب مکمل طور پر اٹھانے کا وقت آیا ہے۔