فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں سرحد سے شہرمیں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی اسرائیلی فوج اور مزاحمت کاروں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں.مجاھدین نے راکٹ حملے کر کے قابض اسرائیلی فوج کےایک ٹینک کو تباہ اور متعدد بکتر بند گاڑیوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق قابض فوج نے چار ٹینکوں، کئی بکتر بند گاڑیوں اور بلڈوزروں کے ہمراہ غزہ کے جنوب میں خزاعہ کے مقام سے شہرمیں داخلے کی کوشش کی.اس موقع پر کمین گاہ میں چُھپے فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی کانوائے پر راکٹوں سےحملہ کر دیا.راکٹ حملوں میں دشمن فوج کے ایک ٹینک میں آگ بھڑ ک اٹھی جبکہ کئی دیگرفوجی گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا ہے. اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج اور مجاہدین کے درمیان دیرتک جھڑپ جاری رہی اور دونوں جانب سے فائرنگ کا تبالہ جاری رہا تاہم کسی جانب سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی. بعد ازاں فلسطینی میڈیکل وایمرجنسی سروس کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں سے غزہ میں متعدد مقامات پر گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کم ازکم ایک شہری کو معمولی زخم آئے ہیں.زخمی نوجوان کو دیرالبلح اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے.