غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پیر کی شام قابض اسرائیلی افواج نے شہرِ غزہ کے مغربی حصے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ شہرِ غزہ کے مغرب میں سویدی النصر کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق شہداء کی شناخت ابراہیم فرید الزعانین، احمد سویلم، عطیہ شبات اور ان کی کمسن بیٹی لمیا کے نام سے ہوئی ہے۔
اس سے قبل قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے غزہ کے شمال میں واقع بیت لاہیا اور وسطی علاقے دیر البلح میں دو شہری شہید ہو گئے تھے۔
گذشتہ روز بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قابض اسرائیلی افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر فضائی و توپ خانے سے بمباری اور براہِ راست فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں چھ فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے۔