اسرائیلی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے جنوبی ضلع نقب کی مغربی آبادی ’’اشکول‘‘ میں غزہ سے ایک میزائل داغا گیا ہے تاہم اس حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ اسرائیل کے کثیر الاشاعت روزنامے ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کے مطابق علاقے میں جیسے ہی سائرن کی آواز گونجی اسرائیلی فوج جائے حادثہ پر پہنچنے کے لیے دوڑ پڑی۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے روزانہ کی بنیادوں پر فلسطینیوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ غزہ سے انخلاء کے موقع پر جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل دو سال قبل غزہ پر 23 روزہ غارت گری میں 1500 فلسطینیوں کو شہید کرنے اور چار سالہ معاشی ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ اہل غزہ پر فضائی حملے، زمینی غارت گری، مشرقی سرحد کے اندر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ اور مغربی ساحل پر فلسطینی ماہی گیروں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کارروائیوں میں سیکڑوں فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ آئے روز کی صہیونی بربریت سے مشتعل بعض فلسطینی مزاحمت کار گروپ کبھی کبھار اسرائیلی زیر انتظام علاقوں پر میزائل داغتے رہتے ہیں تاہم ان حملوں میں اسرائیل کو زیادہ بڑا نقصان نہیں ہوتا۔