اہلیان غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے مصر پہنچنے والی کم سن یورپین بچی اسراء امین غزہ جانے پر مصر ہے- اس کا کہنا ہے کہ وہ ضرور غزہ جائے گی اور اپنے وطن کو دیکھے گی- واضح رہے کہ مختلف یورپی ممالک سے 1400 کارکن ’’آزاد غزہ‘‘ مہم کے سلسلہ میں مصر پہنچے ہیں جو محصور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ جانا چاہتے ہیں- مصری حکومت نے ان میں صرف 85 افراد کو غزہ جانے کی اجازت دی ہے- باقی افراد قاہرہ میں موجود ہیں اور مصری حکومت سے اجازت ملنے کے منتظر ہیں- ان کارکنوں میں 11 سالہ ہالینڈ کی فلسطینی نژاد بچی اسراء امین بھی شامل ہے جسے مصری حکومت نے غزہ جانے کی اجازت نہیں دی- اسراء امین کا کہنا ہے کہ وہ بڑے سہانے خواب لے کر مصر پہنچی تھی- وہ تمام راستے میں اس بات پر بہت خوش تھی کہ وہ پہلی مرتبہ اپنے وطن کو دیکھے گی لیکن مصری حکومت نے اسے غزہ جانے سے روک کر اس کے خواب چکناچور کردیے-