غزہ سرحد پر افسوسناک واقعے کے حوالے سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مصر سے رابطوں کی تصدیق کی ہے- حماس کے پولٹ بیورو کے رکن ڈاکٹر محمود زھار نے کہا ہے کہ حماس غزہ سرحد پر ہونے والے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کی خواہش مند ہے- حقائق کی وضاحت کے لیے حماس اور مصری حکام میں رابطے جاری ہیں- ڈاکٹر محمود زھار نے کہا کہ حالات کشیدہ ہیں اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے وقت چاہیے- انہوں نے کہا کہ حماس بحران کے حل کے لیے کوشاں ہے- واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ سرحد پر فلسطینی مظاہرین اور مصری فوج کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں ایک مصری فوجی ہلاک اور 35 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے-