Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

غزہ: دیر البلح پر اسرائیلی حملہ، 3 فلسطینی شہید

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں پیر کے روز علی الصبح قابض اسرائیلی افواج کے حملے میں تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

طبی ذرائع نے بتایا کہ دیر البلح میں المزرعہ سکول کے قریب سائٹ 14 کے گرد و نواح میں قابض اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق شہداء کی شناخت 23 سالہ محمد یونس العدینی، 23 سالہ المنتصر باللہ عز الدین بشیر اور 32 سالہ محمد حسن ابو الروس کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسی تناظر میں شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کے علاقے میں الحلبی چوراہے کے قریب قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

علاوہ ازیں قابض اسرائیل کی توپ خانے نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح کے مغرب میں الشاکوش کے علاقے، غزہ شہر کے شمال مشرق میں واقع محلہ التفاح کے مشرقی حصوں اور جنوبی پٹی کے شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں پر شدید گولہ باری کی۔

گذشتہ روز مقامی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ خان یونس شہر میں صلاح الدین سڑک اور شارع 5 کے سنگم کے قریب قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 48 سالہ شہری یحییٰ سعید یحییٰ الاغا شہید ہو گئے۔

قابض اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں اور گذشتہ 184 روز سے مسلسل مختلف علاقوں میں پناہ گاہوں اور بے گھر افراد کے مراکز کو توپ خانے، ڈرون طیاروں اور فائرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

میدانی جارحیت کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی فراہمی پر سخت پابندیوں کے باعث انسانی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے، جبکہ قابض اسرائیل پر الزام ہے کہ وہ اشیاء کی ترسیل کو کنٹرول کر کے بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس انسانی پروٹوکول کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے تحت روزانہ 600 امدادی ٹرکوں کا داخلہ لازمی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 754 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2100 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ملبے سے 760 شہداء کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری اس ہمہ گیر جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی کل تعداد 72,333 اور زخمیوں کی تعداد 172,202 ہو چکی ہے، جو غزہ کی پٹی پر مسلط اس مسلسل جنگ کی بھاری انسانی قیمت کا واضح ثبوت ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan