غزہ کے محاصرے کے خلاف حکومتی کمیٹی نے مصری حکام سے اپیل کی ہے کہ یورپی امدادی کاروان کی طرف سے معذور فلسطینی بچوں کے لئے لائی گی الیکٹرک وہیل چیئرز کو اتارنے کی اجازت دی جائے- کمیٹی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ مصری حکام اس سامان کو بندرگاہ پر اتارنے کی اجازت نہیں دے رہے جو الیکٹرک چیئرز کے علاوہ اعضاء سے محروم فلسطینی بچوں اور دیگر مریضوں کے علاج کیلئے طبی سازو سامان پر مشتمل ہے، کہا گیا ہے کہ یہ فلسطینی بچے نہایت دردناک زندگی گزار رہے ہیں اور اس امدادی سامان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں کیونکہ اس کی مدد سے ان معذور بچوں کو عزت کی زندگی گزارنے کا موقع دیا جا سکتا ہے- کمیٹی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ مصری حکام اس صورتحال کے تناظر میں محاصرے میں گھرے فلسطینیوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہماری عرضی پر غور کریں گے-