فلسطینی غزہ کی پٹی میں سرحد سے اندر داخلے کی کوشش کرنے والی صہیونی فوج پر مزاحمت کاروں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوج پسپا ہو گئی ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کی شام قابض صہیونی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان غزہ کے مشرق میں “ناح العوذ” کے مقام پر شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں اسرائیلی فوج کی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں. مزاحمت کاروں نے صہیونی فوجیوں پر دیسی ساختہ ہاون راکٹ داغے جس سے اسرائیلی فوج پسپائی پر مجبور ہو گئی. عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مجاہدین کے ٹھکانوں پر بھاری توپخانے سے گولہ باری کی جس سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی. عینی شاہدین کے مطابق اسرائیل نے العوذ کے مقام پر دو بم بھی گرائے جس سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیئے ہیں تاہم اسپتال ذرائع نے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی.