مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرايا القدس نے اعلان کیا ہے کہ اس کے دو مجاہد مغربی کنارے میں اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہوگئے۔
سرايا القدس کے مطابق شہید ہونے والے مجاہدین عبد الرؤوف خالد اشتیہ نابلس بریگیڈز کے ایک رکن اور سلطان نضال عبد العزیز جنین بریگیڈز کے مجاھد تھے۔ بیان میں بتایا گیا کہ وہ ایک ایسی جدوجہد کے بعد شہید ہوئے جسے سرايا القدس نے “مزاحمت سے بھرپور سفر” قرار دیا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ مجاہدین قابض اسرائیلی فوج اور اس کے آبادکاروں کے خلاف عورتا اور کدومیم کے علاقوں میں کارروائیوں میں حصہ لے رہے تھے۔ ان کارروائیوں کو سرايا القدس نے “غزہ میں فلسطینی عوام کے خون کا بدلہ اور مغربی کنارے میں قابض فوج اور آبادکاروں کی سفاکیت کا جواب” قرار دیا۔
سرايا القدس نے اپنے بیان کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ “مزاحمت اور جہاد” کے راستے پر قائم رہیں گے جب تک کہ وہ “آزادی اور واپسی” کے اپنے مقصد کو حاصل نہ کر لیں۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کے حملوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں گذشتہ دو سالوں میں کم از کم ایک ہزار 76 فلسطینی شہید، تقریباً 10 ہزار 700 زخمی اور 20 ہزار 500 سے زیادہ افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ غزہ میں جاری جنگ نسل کشی میں انسانی نقصان بڑھتا رہا ہے۔