مغربی کنارے کے ضلع الخلیل میں انتہاء پسند یہودی جتھوں نے فصل کی کٹائی کرنے والے فلسطینی کسانوں پر حملہ کردیا۔ اس دوران کسانوں کو کام سے روک دیا گیا، فلسطینیوں نے جوابی کارروائی کر کے غنڈوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ عینی شاہدین نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ یہودی بستی ’’کرمیئیل‘‘ کے غاصب یہودی اسرائیلی فوج کی حفاظت میں کھیتوں میں کام کرنے والے فلسطینی کسانوں پر پل پڑے، تاہم کسانوں نے پتھراؤ، اور گھریلو ساختہ پٹرول بموں سے غاصب یہودیوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ حملہ آور کسانوں کو فصلوں کی کٹائی سے روکنے کے لیے آئے تھے اور تلواروں اور غلیلوں سے لیس تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس علاقے میں مقامی آبادی کو ہجرت پر مجبور کرنے کی خاطر یہودی بستیوں کے غنڈوں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملے آئے روز کا معمول ہیں۔