عید الفطر کے پرمسرت موقع پراسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے فلسطینی قوم اور ساری عرب اور اسلامی دنیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کے روز حماس نے ایک بیان میں اللہ سبحانہ تعالی سے دعا کی ہے کہ اس عید سعید کو فلسطینی قوم میں اتحاد و اتفاق کا ذریعہ بنائے اور تمام فلسطینیوں کو اپنے مسلمہ قومی اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ حماس نے بارگاہ ایزدی میں اسرائیلی عقوبت خانوں میں محبوس اسیروں کی راحت اور رہائی، فلسطینی سرزمین کی یہودی تسلط سے آزادی، مہاجرین کی اپنے پیارے وطن واپسی اور بابرکت مسجد اقصی میں نماز کی ادائیگی کی توفیق کی التجا بھی کی۔