مقبوضہ فلسطین میں قائم اسرائیل کی فوجی جیل”عوفر” میں صہیونی فوج کی بدنام زمانہ “النخشون” بٹالین نے جیل میں قیدیوں پر حملہ کر کے درجنوں اسیران کو زخمی کر دیا ہے. صہیونی فوج کی جانب سے قیدیوں پر زہریلی آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے کئی قیدی تاحال بے ہوش بتائے جاتے ہیں. جیل سے مرکزاطلاعات فلسطین کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے جیل کی بیرکوں کے اندر گھس کر قیدیوں کی کوٹھڑیوں میں آنسوگیس کے شیل پھینکے، جس سے کئی قیدیوں کو تشویش حالت میں جیل کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے. ذرائع کے مطابق”النخشون” نامی فوجی یونٹ کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے جیل کے وارڈ نمبر14 میں اچانک دھاوا بول دیا. قیدیوں کو تفتیشی کتوں کے ذریعے نہایت وحشیانہ انداز میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اوران کے کپڑے اتار کر انہیں عریاں حالت میں پہروں قطار میں کھڑا رکھا گیا. اس دوران صہیونی فوج نے جیل میں ایک ایک کمرے کی مکمل تلاشی لی. تلاشی کی کارروائی میں قیدیوں کے ان کے گھروں سے فراہم کردہ گرم کپڑے اور دیگر ضرورت کی اشیاء بھی قبضے میں لے لی گئیں. خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین کی عوفرجیل میں1200 فلسطینیوں کو مقید رکھا گیا ہے. قابض دو منزلہ اس جیل میں کل آٹھ مختلف وارڈز ہیں جہاں قیدیوں کو ان پرعائد الزامات کے مطابق مقید رکھا جاتا ہے.