عرب پارلیمنٹیرینز الائنس نے غزہ کے محصورین سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ حال ہی میں عرب پارلیمانی اتحاد کے چوتھے سالانہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کی شدید مذمت کی اور اس کے فوری طور پر اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ اراکین کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جلد غزہ کے دورے پر جائے گا اور محصورین غزہ کے مسائل سے آگاہی کے بعد ان کے حل کے لیے اقدامات کرے گا۔ غزہ دورے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دوسری جانب غزہ میں فلسطینی حکومت کی استقبالیہ کمیٹی برائے وفود نے عرب پارلیمنٹیرینزکے اعلان کے بعد ان کے استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے عرب پارلیمنٹیرینزکے غزہ دورے کےفیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب ممالک کو غزہ کے محصورین کی زیادہ سے زیاہ مدد کو یقینی بنانے کے لیے مزی اقدامات کرنا چاہیئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یورپ پارلیمنٹیرینز کے بعد عرب ممالک کے حکومتی اراکین کا دورہ غزہ کا فیصلہ غزہ کے شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔