اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان فوزی برہوم نے قابض اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں بستان کالونی کو مسمار کرنے کے فیصلے کو سرکاری دھشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عباس انتظامیہ اور اسرائیل کے درمیان بے مقصد بات چیت کا پہلا تحفہ ہے۔
منگل کو میڈیا کے نام جاری اپنے ایک پریس ریلیز میں فوزی برہوم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ عربوں کی بے رخی اسرائیل کو ایسے مجرمانہ اقدامات اٹھانے کی شہہ دے رہی ہے ۔
ترجمان نے عرب اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل پر دباو ڈالیں تا کہ وہ ایسے جرائم سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کیلئے امریکی انتظامیہ کے نمائندے جارج میچل اسرائیل کو ایسے اقدامات اٹھانے سے روک نہیں سکے گا ،بلکہ خطے میں اس کے دوروں کی آڑ لے کر اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس پر اپنا کنٹرول مزید سخت کرنے کی کوششوں میں منہمک ہے۔