مغربی کنارے میں متنازعہ فلسطینی صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شہریوں کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے- اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز الخلیل میں عباس ملیشیا کے چھاپہ مار کراسرائیلی جیل میں قید مجلس قانون ساز کے رکن ڈاکٹر عزام سلھب کے بیٹے 26 سالہ نعمان سلھب کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا- عینی شاہدین کے مطابق عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے الخلیل میں ایک رفاہی ادارے کے دفتر پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجو د نعمان سلھب کو گرفتار کر لیا- دوسری جانب مجلس قانون ساز کی رکن منا منصور نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عباس ملیشیا قانون ساز کونسل کے اراکین کا مسلسل تعاقب کررہی ہے- عباس ملیشیا کے خفیہ دستے مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں مجلس قانون ساز کے اراکین کی نگرانی پر مامور کیے گئے اور ان کی نقل و حرکت نوٹ کر رہے ہیں- مجلس قانون ساز کے اراکین کے دفاتر اور گھروں میں آنے جانے والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے- ادھر مجلس قانون سازکے اراکین خلیل ربعی، محمد مطلق اور حاتم ابو قفیشہ نے کہاہے کہ گذشتہ روز عباس ملیشیا اس وقت ان کے تعاقب میں رہی جب وہ اسرائیل جیل میں قید فلسطینی راہنما نائف رجوب کے بھائی شیخ یاسر رجوب کی عیادت کے لیے ان کے گھر گئے- اس دوران عباس ملیشیا کی گاڑیاں ان کی آمد و رفت نوٹ کرنے کے لیے ان کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں-