مغربی کنارے میں متنازعہ صدر محمود عباس کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عباس ملیشیا نے تازہ کارروائیوں میں حماس کے کم از کم ایک درجن اراکین کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں رام اللہ، بیت لحم، قلقلیلیہ، نابلس اور رام اللہ میں کی گئیں، گرفتار کیے جانے والوں میں بیت لحم میں حماس کے اہم راہنما مصطفی شنار بھی شامل ہیں، جنہیں ماضی میں بھی متعدد مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اتوار کی صبح کو رام اللہ میں عباس ملیشیا نے حماس کے ایک دفتر پر چھاپہ مار کر وہاں موجود تین افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دفتر کی قیمتی چیزوں کی توڑ پھوڑ کے بعد متعدد کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس قبضے میں لے لیے گئے۔ دوسری جانب نابلس، قلقیلیہ اور دیگر مقامات چھاپوں کے دوران شہریوں کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔