مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کی پکڑ دھکڑ مہم جاری ہے، نابلس، رام اللہ، القدس اور سلفیت میں سرچ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں حماس کے 08 حامی حراست میں لے لیے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق نابلس ضلع میں سابقہ اسیر وجدی علیوی کو اغوا کیا گیا انہیں پہلے بھی متعدد مرتبہ حراست میں لیا گیا ہے۔ رام اللہ میں فلسطینی غیر آئینی صدر محمود عباس کی پری وینٹو فورسز نے بیتونیا جیل سے اسیر رہنما ناجح عاصی اور محمد برغال کی رہائی کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں ٹال مٹول کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ان کی رہائی سے انکار کردیا ہے۔ القدس میں جاری پکڑ دھکڑ آپریشن میں عباس ملیشیا نے القد یونیورسٹی کے اسلامی بلاک کے درجنوں کارکنوں کو تفتیش کے لیے طلب کیا، دوسری طرف القدس یونیورسٹی کے طلبہ علاء الریماوی، حذیفہ جرار، عبداللہ جرار، علاء غانم اور ضیاء قشوع کو غائب کردیا گیا ہے۔ سلفیت سے نجاح یونیورسٹی کے دو طلبہ گرفتار کیے گئے۔