مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسلامی تحریک مزاحمت –حماس – اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائیوں کے دوران طولکرم سے حماس کے چار حامیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ طولکرم سے مقامی ذرائع کے مطابق عباس ملیشیا نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب حماس کے راہنما سامر مرمش کے گھر پر دھاوا بولا اور سامر مرمش کو گرفتار کر لیا۔ ادھر طولکرم کے مشرقی علاقے عنبتا سے حماس کے راہنما احمد شھاب کو گرفتار کر لیا گیا، احمد شھاب ماضی میں بھی عباس ملیشیا کی جیلوں میں تشدد کا نشانہ بن چکے۔ اسی علاقے سے محمد البلعاوی کو مطلوب قرار دینےکے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر فلسطینی صدر محمو عباس کے زیرانتظام قائم جیلوں میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے اراکین کے دفاتر کے منتظمین کو بدستور حراست میں رکھا گیا پے، ان میں خالد علیان گزشتہ کئی ماہ سے عباس ملیشیا کی جیلوں میں قید ہیں، فلسطینی عدالت کی جانب سے ان کی رہائی کے لیے بھی احکامات دیے جا چکے ہیں،تاہم انتظامیہ کی طرف سے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے گریز کیا جا رہا ہے۔