عالمی علماء اتحاد کے چیئرمین اور قطر کے مفتی اعظم ڈاکٹر یوسف القرضاوی نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کی جانب سے قبلہ اول کے حوالے سے اختیار کردہ خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قبلہ اول کے خلاف یہودیوں کے سازشوں کو روکنے کے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ جمعۃ المبارک کو دفاع قبلہ اول کے حوالے مسلم امہ میں جوش خروش قابل تعریف تھا تاہم اسرائیلی جارحیت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ان کی جانب کی اپیل پر انڈونیشیا سے موریطانیہ تک جس یکجہتی کے ساتھ القدس اور قبلہ اول کی نصرت کے مظاہروں کا اہتمام کیا، وہ عالم اسلام کے حکمرانوں کے لیے واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے حملے اور نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں جانے سے روک کر اسرائیل قبلہ اول کی تقسیم کی طرف گامزن ہے، اس سے قبل الخلیل شہرمیں بھی حرم ابراھیمی کو بھی اسی طرح تقسیم کیا گیا۔ ڈاکٹر یوسف قرضاوی نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر کانفرنسوں کا اہتمام کریں۔