قابض اسرائیلی فوج کی فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے. اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک ٹارگٹ کلنگ حملے میں اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر ایاد اسعد شلبایہ کو شہید کر دیا ہے. مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صیہونی فوج نے جمعہ کی صبح نورالشمس مہاجر کیمپ میں ان کے گھر پر حملہ کیا. قابض فوج نے ان کے گھر کا ایک حصہ مسمار کرنے کے بعد القسام بریگیڈ کے کمانڈر 37 سالہ اسعد شلبایہ کو گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پرہی شہید ہو گئے. ذرائع کے مطابق قابض فوج نے کارروائی کے دوران نورالشمس کیمپ میں گھرگھر تلاشی لی اور اس دوران حماس کے کم ازکم 15 ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے. اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران شہریوں کے گھروں پر فائرنگ بھی کی اور توڑپھوڑ کے علاوہ بھاری آواز پیدا کرنے والے گرنیڈ بھی استعمال کیے. جس سے شہریوں خصوصا خواتین اور بچوں میں شدید خوف وہراس پیدا ہو گیا ہے. عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ کیمپ میں داخل ہوئی اور قابض فوجیوں نے فائرنگ کرتےہوئے شہید شلبایہ کے مکان پر حملہ کر دیا.دوسری جانب القسام بریگیڈ نے صہیونی فوج کے حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کا بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے.