قابض صہیونی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر گولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے. اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی فوج نے جمعہ اور ہفتے کی درمیان شب اور ہفتے کو علی الصبح غزہ شہر میں تین مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں جن میں اب تک کی اطلاعات کےمطابق دو افراد زخمی ہوئے ہیں. فلسطینی ایمرجنسی و میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھرم ابو سلمیہ نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض فوج نے ہفتے کی صبح غزہ میں النصیرات کیمپ کےقریب اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پربمباری کی جس سے دو راہ گیر زخمی ہوئے ہیں. زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سےباہر بتائی جاتی ہے. ادھم نے بتایا کہ قابض فوج نے رات گئے غزہ اورمصر کےدرمیان سرحد پر زیرزمین سرنگوں کو تباہ کرنے کے لیے بمباری کی جس میں متعدد سرنگیں تباہ ہوئی ہیں، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی. مرکزاطلاعات فلسطین کو اپنے ذریعے سے معلوم ہواہےکہ قابض فوج نے رات گئے مصری سرحد پر دومقامات پر بمباری کی. رفح کے جنوب میں السلام قصبے میں سرحدپر موجود ایک سرنگ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک دوسرے حملے میں البرازیل گاٶں میں سرنگ کو تباہ کیاگیا ہے. تاہم حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.