غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی جنگی طیاروں نے فلسطین کے محصور شہر غزہ میں تحریک حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید بمباری کی اور اسلحہ ڈپو سمیت ملٹری سائٹس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فضائیہ کی جانب سے محصور شہر غزہ کی پٹی میں فضائی حملہ کیا گیا جس میں اسلامی تحریک حماس کی حماس کی ملٹری سائیٹس اور اسلحہ ڈپو کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی غزہ کی جانب سے صیہونی ریاست پر داغے گئے میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی۔
قابض صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائی کارروائی میں ایک ایسے ٹنل کو بھی تباہ کیا گیا ہے جسے حماس کے جنگجو اسلحہ کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتے تھے جب کی ایک ٹنل سے جنگجو غزہ سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جنگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زرعی زمین پر فضائی حملے کیئے جس سے کئی کسانوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔
حماس نے میزائل داغے جانے کے اسرائیلی دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج معصوم شہریوں پر بمباری کے لیے بہانے تراشتی ہے اور بلاجواز فضائی حملے کرتی ہے۔