قابض صہیونی فوجیوں اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے بیت المقدس پر اپنا ناجائز قبضہ مضبوط کرنے کی سازش جاری ہے. اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں بیت اکسا میں 50 ایکڑ اراضی پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر لیا ہے. صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ وہ یہاں ریلوے لائن بچھا رہے ہیں جس کے لیے انہیں یہ زمین درکار ہے. اسرائیلی میڈیا نے بھی صہیونی فوج کی اس دست درازی کا پول کھول دیا ہے. اسرائیلی اخبارات نے بتایا ہے کہ بیت اکسا میں صہیونی حکام کو ریلوے لائن بچھانے کے لیے صرف 20 ایکڑ اراضی کی ضرورت ہے جبکہ اس کے ساتھ 30 ایکڑ اضافی اراضی ہتھیانے کا مقصد اس علاقے میں دیگر یہودی منصوبوں کی توسیع میں استعمال کرنا ہے.میڈیا رپورٹس کے مطابق قبضے میں لی گئی اراضی میں فلسطینیوں کے زیتون کےباغات ہیں اور اسرائیلی فوج نے پھل دار درختوں کو اکھاڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے. ادھر دوسری جانب انسانی حقوق کی مقامی اورعالمی تنظیموں نےفلسطینیوں کی زرعی زمین پر قبضے کی صہیونی سازش پر کڑی تنقید کی ہے. انسانی حقوق کے گروپوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں غیرقانونی طور پر قبضےمیں لی گئی اراضی کو واگزار کرانے اور اس علاقے میں نام نہاد ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے پر عمل درآمد رکوانےمیں مدد کرے