( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ہمارے ان بہادر بیٹوں نے اسرائیلی دشمن کی قید سے سرنگ کے ذریعے فرار حاصل کرکے فلسطینی قوم کی نصرت اور قابض دشمن کے مذموم عزائم کے خلاف مزاحمت کا نیا باب رقم کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی سے بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی جانب سے اسرائیلی زندان سے فلسطینی اسیران کے فرار پر بھر پور خوشی کا اظہارکیا گیا اور انہوں نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کو خصوصی فون کرتے ہوئے فلسطینیوں کی سرنگ کے ذریعے فرار پرمبارک باد پیش کی اور کہا کہ اسرائیلی زندان سے فلسطینی اسیران کا فرار پوری قوم کے لیے خوش اور قابض دشمن کی شکست کا ثبوت ہے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے زیادالنخالہ نے بھی بھرپور انداز میں فلسطینی اسیران کی اس جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حماس تحریک فتح کے شہدا الاقصیٰ بریگیڈ کے کمانڈر زکریا الزبیدی اور دیگر پانچ اسلامی جہاد کے رہنماؤں کا اسرائیلی جیل سے فرار دشمن کی شرمناک شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ان بہادر بیٹوں نے اسرائیلی دشمن کی قید سے سرنگ کے ذریعے فرار کا راستہ اختیار کرکے فلسطینی قوم کی نصرت اور قابض دشمن کے مذموم عزائم کے خلاف مزاحمت کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔