اسلام آباد / جدہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل نے ہفتہ کو جدہ میں اپنا 22 واں غیر معمولی اجلاس منعقد کیا، جس میں دو اہم قراردادیں منظور کی گئیں۔ پہلی قرارداد میں اسرائیل کے نام نہاد ’صومالی لینڈ‘ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی سخت مذمت کی گئی، جبکہ دوسری میں فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت اور ان کی زمین پر قبضے اور بے دخلی کی منصوبہ بندی کے خلاف اقدامات کی حمایت کی گئی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اجلاس میں شرکت کی۔ ان کے استقبال کے لیے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ اور پاکستان کے مستقل مندوب سفیر فواد شیرون موجود تھے۔
اسرائیل نے حال ہی میں صومالی لینڈ کو ایک خودمختار اور آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا۔ صومالی لینڈ کے صدر عبدالرحمن محمد عبد اللہ نے اعلان کیا کہ ان کا ملک ابراہیم ایگریمنٹ میں شامل ہوگا۔ بعد ازاں، اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیڈیون سائر نے صومالی لینڈ کا دورہ کیا، جسے صومالیہ نے “غیر مجاز مداخلت” قرار دیا۔
او آئی سی کے بیان کے مطابق، سیکریٹری جنرل طہ نے کہا کہ یہ غیر معمولی اجلاس ایک “انتہائی حساس اور نازک وقت” میں بلایا گیا تاکہ صومالیہ کی وفاقی جمہوریہ کی خودمختاری پر اثر انداز ہونے والی سنگین پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
انہوں نے اسرائیل کے اقدام کو “خطرناک مثال” قرار دیا اور کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔
سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ یہ اجلاس 1 جنوری کو او آئی سی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس کا فالو اپ ہے، اور یہ رکن ممالک کے مشترکہ خدشات اور وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی مکمل حمایت کے لیے مضبوط موقف کی عکاسی کرتا ہے۔
فلسطین پر توجہ
سیکریٹری جنرل نے فلسطین کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل کو دہلی مرحلے کے معاہدے کی تکمیل پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ:
-
اسرائیلی جارحیت کو مکمل اور مستقل طور پر ختم کیا جائے
-
غزہ پٹی سے مکمل انخلا یقینی بنایا جائے
-
فلسطینی عوام کی مزید بے دخلی روکی جائے
-
بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو واپسی آسان بنائی جائے
اجلاس سے پہلے سینئر عہدیداروں کی سطح پر تیاری کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔