Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

عالمی خبریں

صنعاء میں عوام کا سمندر، فلسطین، ایران و لبنان کے حق میں مظاہرہ

صنعا – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمنی دارالحکومت صنعا اور صوبہ حدیدہ میں جمعہ کے روز لاکھوں کے مجمع نے یومِ صمود (یومِ استقامت) منانے کے لیے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔ یہ ریلیاں ہم فلسطین، لبنان اور ایران کے ساتھ ثابت قدم ہیں اور تمام اختیارات کے لیے تیار ہیں کے عنوان سے منعقد کی گئیں، جس میں امت کے مسائل کے حوالے سے یمن کے اعلانیہ موقف کی بھرپور توثیق کی گئی۔

صنعا میں عوامی سمندر نے یمن، فلسطین، لبنان اور ایران کے پرچم تھام رکھے تھے اور فلسطینی عوام اور ان کے نصب العین کی حمایت کے عزم کو دہرایا۔ شرکا نے امریکی غلبے اور غاصب صہیونی دشمن کی اس سفاکیت کو مسترد کرنے کا اعلان کیا جو عرب اور اسلامی امت کو نشانہ بنا رہی ہے۔

شرکا نے استقامت کو جاری رکھنے اور امت کی اس مقدس جنگ میں مکمل طور پر کودنے کے لیے اپنی تیاری کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتح کے حصول تک وہ مسئلہ فلسطین اور امت کے دیگر تمام مسائل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر لبنان، ایران اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے قیادت کی جانب سے اختیار کیے جانے والے تمام ممکنہ فیصلوں پر لبیک کہنے کا عزم کیا گیا۔

ادھر صوبہ حدیدہ میں صوبائی مرکز اور مختلف اضلاع میں 317 عوامی ریلیاں نکالی گئیں جن میں مقامی قیادت نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ان اجتماعات میں بلند کیے جانے والے نعروں نے اس بات پر مہر ثبت کر دی کہ یمنی عوام ثابت قدم ہیں اور جارح قوتوں کی تمام تر سازشیں اور داؤ پیچ ناکام ہو چکے ہیں۔

صنعا اور حدیدہ میں عوام نے ایسے نعرے لگائے جن میں مسئلہ فلسطین پر غیر متزلزل موقف اور امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایران اور لبنان پر جارحیت اسی بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد پورے خطے کو نشانہ بنانا ہے۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ یہ ریلیاں فلسطینی عوام، اہل غزہ، لبنان اور ایران کی نصرت کے لیے یمن کے اصولی موقف کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس جانب اشارہ کیا کہ قابض اسرائیل نے کسی بھی معاہدے کی پاسداری نہیں کی، چاہے وہ غزہ کی پٹی سے انخلا کا معاملہ ہو یا نہتے شہریوں اور مقدس مقامات کے خلاف جاری سنگین خلاف ورزیوں اور نسل کشی کو روکنے کا۔

عوامی اجتماعات میں تحریک کے قائد عبدالملک بدر الدین الحوثی اور سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے خطابات کے مندرجات کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ قیادت کی ہدایات فتح اور قومی خود مختاری کے حصول کا واحد راستہ ہیں۔

شرکا نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور تزویراتی اختیارات کے گرد متحد ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برسوں کے دوران یمنیوں کی استقامت نے دشمن کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔

ریلیوں کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یومِ صمود کی گیارہویں سالگرہ منانا دراصل 26 مارچ سنہ 2015 کو شروع ہونے والی اس جارحیت کی یاد دلانا ہے جس میں بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا گیا اور ملک کے وسائل پر قبضے کی کوشش کی گئی۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یمنی عوام کا انتخاب ہمیشہ سے آزادی اور استقلال کا دفاع رہا ہے، اور وہ مسئلہ فلسطین کی حمایت کے اپنے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ یمن مزاحمتی فرنٹ کا ایک اٹوٹ حصہ ہے اور وہ کبھی بھی غیر جانبدار نہیں رہ سکتا، اس لیے امریکی و اسرائیلی منصوبے کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

بیان میں سعودی حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے اور موجودہ روش ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اس راستے پر برقرار رہنے کے نتائج سے بھی خبردار کیا گیا۔

شرکا نے ایک بار پھر فلسطینی عوام، ان کی مزاحمت اور مقدس مقامات کے دفاع کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایران اور لبنان پر کسی بھی قسم کی جارحیت پوری امت پر حملہ تصور ہو گی۔

اجتماعات میں عوامی سطح پر بھرتیوں (تعبئہ عامہ) کو تیز کرنے، مرحلے کی ضروریات کے لیے تیار رہنے اور سماجی شعور کو بیدار کرنے کی اپیل کی گئی۔ ساتھ ہی والدین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو موسمِ گرما کی سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔

بیان کے اختتام پر صفوں میں اتحاد، قومی یگانگت کی مضبوطی، محاذوں کی مالی و جانی مدد اور قومی شناخت کی پاسداری پر زور دیا گیا کیونکہ یہی تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بنیاد ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan