اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطین میں تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح کو آٹھ روز حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر کے ایک ہفتہ تک گھر میں نظر بند کر دیا ہے، انہیں 22 فروری کو القدس سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حکام نے شیخ رائد صلاح کو ایک ہفتے تک اپنے ہی گھر میں نظر بند رکھنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ صلاح کی گرفتاری سیاسی تھی ان کارروائیوں کا مقصد تحریک اسلامی کی قیادت کو محبوس کرنا اور سنہ 1948ء سے اسرائیلی زیر تسلط علاقوں میں ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے۔ اسرائیلی فوج نے انہیں مقبوضہ بیت المقدس کی شیخ جراح کالونی سے گرفتار کرکے تفتیشی مرکز منتقل کر دیا تھا ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ مقبوضہ فلسطین کے ضلع نقب کے 20 بار منہدم کیے جانے والے گاؤں عراقیب کے ساتھ اظہار یک جہتی میں نکالے گئے القدس میں مظاہرے میں شریک تھے۔