شہید علامہ آفتاب جعفری کی شہادت پرجمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن لبنان کا تعزیتی پیغام
لبنان میں تحریک آزادی القدس کی راہ میں کام کرنے والی ایک فعال تنظیم جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن
نے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت پر گہرے دکھ اور
غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری شہداءفلسطین و القدس میں شامل ہیں اور لبنانی قوم اور فلسطینی عوام ان کی خدمات پر انہیں سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
لبنان میں تحریک آزادی القدس کی راہ میں کام کرنے والی تنظیم جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے مورخہ 7نومبرکو جاری کئے جانے والے ایک خط میں فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور مذہبی اسکالر علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت کو پاکستان کے لئے نقصان عظیم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں لبنانی اور بالخصوص فلسطینی عوام شہید علامہ آفتاب جعفری کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ نے خط میں لکھا ہے کہ شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری پاکستان کی وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جو اس بات پر اعتقاد رکھتے تھے کہ دفاع فلسطین ،دفاع پاکستان ہے اور پاکستان میں تمام تر مصیبتوں اور دہشت گردی کی جڑ عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل ہیں۔
القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ علامہ شہید آفتاب جعفری کو قتل کرنے میں امریکی اور صیہونی درندوں کے ناپاک ہاتھ ملوث ہیں جو پاکستان میں فلسطین کی حمایت میں اٹھنے والی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔شہید علامہ آفتاب جعفری نے اپنی تمام زندگی فلسطین کی آزادی کی جد وجہد میں گزاری اور دشمنان اسلام و انسانیت سے برسر پیکار رہے۔
شہید علامہ آفتاب جعفری کی خدمات ہی کا نتیجہ ہے کہ آج سر زمین پاکستان پر فلسطین کاز ایک بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔شہید جعفری فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے بانی اراکین میں شامل تھے اور ہمیشہ فلسطینی عوام کی حمایت اور عالمی دہشت گرد امریکہ اور صیہونی غاصب ریاست کے خلاف جدو جہد میں مصروف عمل رہے۔
القدس ایسوسی ایشن لبنان کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے حریت پسند اور تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں گامزن کارکنان ایک عظیم اور انسان دوست شخصیت سے محروم ہوئے ہیں اور خصوصاً لبنان اور فلسطین کے عوام علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کو اپنے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان سمجھتے ہیں۔
جمعیت دفاع القدس ایسوسی ایشن پاکستان کے شہر کراچی میں قتل کئے گئے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ آفتاب جعفری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے گھروالوں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مجاہد راہ حق شہید علامہ آفتاب جعفری کی شہادت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں بھی ان کی طرح صف اول کا مجاہد بننے کی توفیق دے۔