شمالی غزہ کی پٹی کی سرحدوں پر کھڑی اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ میں کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی ہے جس سے ایک مزدور زخمی ہو گیا۔ رواں ماہ اس قسم کے واقعات میں اب تک دس افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ادھم ابوسلمیہ نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی حالیہ جارحیت میں زخمی ہونے والا ایک نو عمر فلسطینی تھا جو بیت حانون کراسنگ کے اسرائیلی بمباری سے تباہ حال عمارتوں کا ملبہ اٹھا رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ابو سلمیہ نے بتایا کہ اس ماہ شمالی غزہ پر اسرائیلی فائزنگ کے واقعات میں دس فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ اور اب تک تعمیراتی میٹریل اٹھانے والے 70 مزدور اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری سے زخمی ہو چکے ہیں، واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے چار سال سے 15 لاکھ اہل غزہ کو محصور بنا رکھا ہے۔ اور اسرائیلی فوج آئے روز اہل غزہ پر فائرنگ کرتی رہتی ہے۔