مغربی کنارے کی فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ اور غیر آئینی فلسطینی صدر محمود عباس نے چار سال سے حماس کی زیر حراست اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کو بغیر کسی قیمت کے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے شالیت کی رہائی کے لیے اسرائیل کی زیر حراست فلسطینی اسیران کی آزادی کی شرط مسترد کردی۔ محمود عباس نے مغربی کنارے کے جنوبی ضلع بیت لحم میں جرمن صدر کریسٹن وولف کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے مہمان سے شالیت کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شالیت کی گرفتاری کے دن سے ہم ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جیسا کہ ہم اسیران کی اپنے گھر والوں تک واپسی کے بھی متمنی ہیں۔ لیکن شالیت کے معاملے کو فلسطینی اسیران سے ملانا درست نہیں ہے۔