اسلام آباد – مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی دعوت پر قومی علماء و مشائخ کنونشن میں شرکت کی۔ کنونشن میں مہمان خصوصی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، کنونشن میں وفاقی و صوبائی وزراء سمیت ملک بھر سے علماء، دانشوروں، اسکالرز اور ماہرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کنونشن کے اختتام پر ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مختلف سیاسی و مذہبی قائدین بشمول نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سردار یوسف، وفاقی وزیر احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر راغب نعیمی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ شبیر میثمی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، پیر حسیب حسام، پیر سلطان باہو، مفتی عباد مبارک، ثروت اعجاز قادری، علامہ طاہر اشرفی،،مفتی عبد الرحیم، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سعادت علی شاہ، پیر صفدر گیلانی، ڈاکٹر عطاء الرحمان، مفتی سمیع اللہ، علامہ صادق جعفری، علامہ افتخار نقوی سمیت متعدد رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ علماء و دانشوروں سے اپیل کی کہ مسئلہ فلسطین کو ہر سطح پر اجاگر کریں۔
کنونشن کے اختتام پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، وائس چیئر مین علامہ احمد اقبال سے بھی ملاقات کی اور بعد ازاں این ڈی یو کے سابقہ صدر جنرل (ر) آصف غفور سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر مسئلہ فلسطین کی حمایت کے لئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
مختلف ملاقاتوں میں رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کو یقین دہانی کروائی کہ فلسطین کاز پر ہمارا موقف ہمیشہ وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کا موقف ہے۔ فلسطین عالم اسلام اور انسانیت کا اہم ترین
مسئلہ ہے جس سے غفلت نہیں برتی جا سکتی۔

