سوڈان کے صدر عمر البشیر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سوڈان تمام چیلنجوں اور عالمی سازشوں کا مقابلہ کرے گا اور اس وقت تک مسئلہ فلسطین اور اہل غزہ کی مدد و نصرت اور حمایت جاری رکھے گا جب تک غزہ کی پٹی کا صہیونی محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا۔ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں مجمع الفقہ الاسلامی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی دوسری عالمی سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے علماء اسلام سے مغربی علوم سے استفادہ کر کے نیا نصاب بنانے اور اپنے علوم کو ترقی دینے اور نئے علوم کو شرعی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک ایسے موقع پر منعقد ہو رہی ہے جب امت مسلمہ سے اہل غزہ کی نصرت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سوڈان غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کی مدد کے لیے کھڑا ہو گا، اور اس وقت تک ان کی مدد کرتا رہے گا جب تک پٹی کا صہیونی محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا۔