مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ مہم کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں اور فوجی اہلکاروں کے مابین شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ سلوان کالونی میدان جنگ کا نقشہ پیش کرنے لگی۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد سلوان کالونی میں متعدد مرتبہ دھاوا بول چکی ہے۔ اس دوران اس نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے الزام میں متعدد فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کر لیا۔ جس کے بعد فلسطینی نوجوان سراپا احتجاج بن گئے، بستان، بطن الھوی اور دیگر کالونیوں میں اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ان علاقوں میں شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے علاقے میں متعدد گھروں کو مسمار کرنے کے بعد کم از کم تین نامعلوم نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے، ان نوجوانوں کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے مسکوبیہ کی تحقیقاتی ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔