قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہرالخلیل سے تیرہ سالہ بچی سہاد نضال العویوی کو غاصب صہیونی آباد کاروں کی گاڑی پر پتھراؤ کے الزام میں اغوا کر لیا۔
الخلیل سے مقامی ذرائع کے مطابق مغوی بچے کا خاندان الخلیل میں ایک یہودی کالونی کے قریب واقع ہے۔ اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کے مطالبے پر قابض فوج نے نضال عویوی کے گھر پرحملہ کیا۔ اس دوران ننھی سہاد نضال کے والد، والدہ اور دیگر بہن بھائیوں پر شدید تشدد کیا، جبکہ تشدد میں خود سہاد بھی زخمی ہو گئیں جسے بعدازاں قابض فوج اپنے ساتھ گاڑی میں ڈال کرنامعلوم مقام پر لے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع کے مطابق مغوی بچی “کریات اربع” کے مقام پر واقع پولیس کے تفتیشی مرکز میں ہے جہاں اسے گاڑی پر پتھراؤ کے الزام کے تحت تفتیش کی جا رہی ہے۔
ادھر منگل کے روزالخلیل میں خرسا کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی۔ اس دوران کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔