سانحہ فریڈم فلوٹیلا کی تحقیقات کے لیے عالمی مشن نے ترکی کا پانچ روزہ دورہ مکمل کر لیا. اگلے مرحلے میں مشن نو روز کے لیے اردن جائے گا، مشن تین ماہ قبل غزہ کا محاصرہ توڑنے کی جانب گامزن امدادی قافلے ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ پر اسرائیلی خونریزی کی تحقیقات کے ضمن میں ترکی آیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے بنائی گئی عالمی تفتیش کاروں کی ٹیم پانچ دن تک انقرہ میں رہی جہاں اس نے ترک حکومتی عہدیداروں کے علاوہ فریڈم فلوٹیلا پر سوار عینی شاہدین سے بھی ملاقات کی، اس دوران اسرائیلی بحریہ کی جانب سے فریڈم فلوٹیلا میں شریک ترک جہاز ’’ماوی مرمارہ‘‘ پر کیے جانے والے حملے کی شہادتیں جمع کی گئیں۔ واضح رہے کہ 31 مئی کو ہونے والے اس حملے میں 09 ترک رضا کار شہید ہوئے تھے۔ تکنیکی اور قانونی ماہرین نے عالمی کمیٹی کو بھرپور معاونت فراہم کی، اس دوران بہت سے قانونی عہدیداروں کے علاوہ دیگر میڈیکل عملے سے ملاقاتیں کی گئیں اور قانونی اور طبی دونوں جہتوں پر مشورہ کیا گیا۔ اگلے مرحلے میں عالمی تحقیقاتی کمیشن نو روز کے لیے اردن جائے گا جہاں پر عالمی تفتیش کار فریڈم فلوٹیلا میں شرکت کرنے والے اردن اور دیگر ہمسایہ عرب ممالک کے متعدد افراد سے ملاقات کریں گے اس دوران ترجیحی طور پر سانحہ کی تحقیقات کے شواہد اکٹھے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔