کراچی – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ کاکہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے لئے مسلم دنیا کو دہشت گردی سمیت معاشی مسائل میں الجھا رہی ہیں تا کہ اسرائیل کو تحفظ فراہم ہو سکے انکاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی
نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے سمیت عالمی امن قائم نہیں ہو سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد سے ہی ممکن ہے انہوں نے مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کے نہ رکنے والے ستر سالہ سلسلہ کی بھی شدید مذمت کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی میں منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی قمر عباس، عام لوگ پارٹی کے چیئر مین جسٹس (ر) وجیہہ الدین، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی، جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنما اسلم غوری، پاکستان مسلم لیگ نواز کے ازہر ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان کے قاضی احمد نورانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی ، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، سابق مشیر برائے حکومت پاکستان نصرت مرزا،ڈاکٹر عالیہ امام، پاکستان سنی تحریک کے فہیم شیخ، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر ہاشمی، کراچی بار ایسوسی ایشن کے نعیم قریشی، خالد نواز خان مروت، پائیلر کے کرامت علی، جعفریہ الائنس کے شبر رضا، چیمبر آف کامرس کے حارث مٹھانی،ڈاکٹر طلعت وزارت، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان، پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل شیخ اور صابر ابو مریم سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کاز کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور حکومت یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پو مناتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری دن منانے کا اعلان کرے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتوں نے مسلمان حکمرانوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جس کے نتیجہ میں اسرائیل کے ناپاک عزائم بڑھتے ہی چلے جا رہے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اسرائیلی جعلی ریاست کے ناپاک عزائم کا راستہ روکنے کے لئے مسلم دنیا کو چاہئیے کہ عالمی دہشت گرد امریکا کا سہارا لینے کی بجائے آپس میں اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور عرب ممالک کے مشترکہ اجلاس میں فلسطین کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا پردہ فاش ہو چکا ہے جس پر مسلم دنیا کے عوام میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، مقررین کاکہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں دہشت گردوں کی مدد کرنے والا امریکی سامراج فلسطینیوں کی اپنے حقوق کے دفاع کے لئے کی جانے والی مزاحمت کو دہشت گرد قرا ر دے رہا ہے اور مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، القدس کانفرنس ے شرکاء نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی اور پاپولر فرنٹ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر شرکائے کانفرنس میں سول سوسائٹی اراکین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان سمیت طلباء برادری کے سردار فرہاد گل، کاظم علی، اویس ربانی، حمزہ صدیقی، شیر آفریدی، فرید میمن، رضوان اعوان، محمد اویس، اسامہ مصطفی، اویس قادری، وسیم اختر، سردرا اکرا م خان، عشرت غزالی، جاوید میر، مفتی مکرم قادری سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
Â
Â