اسلامی تحریک مزاحمت ( حماس) کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زہری نے رام اللہ انتظامیہ کو اس بات پر آڑھے ہاتھوں لیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ترکی کی ان کوششوں کو جن کی رو سے فریڈم فلو ٹیلا جہاز پر اسرائیلی حملے کی تحقیقات کیلئے عالمی تحقیقاتی کمیشن کا قیام مقصود ہے سبوتاژ کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین سے ایک خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات جو میڈیا کے ذریعے بے نقاب ہوئی ہیں، ان کے مطابق رام اللہ انتظامیہ اور قابض اسرائیلی انتظامیہ کے درمیان ساز باز اب کوئی بات چھپی نہیں رہی ہے. فلسطینی عوام اور تحریک مزاحمت کے ہمدردوں کے ساتھ جو مظالم بھی ڈھائے جا رہے ہیں ،اس میں رام اللہ انتظامیہ بھی برابر کی شریک ہے۔