اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سینئر رہنما رافت ناصف نے عباس کی وفادار ملیشیا کی جانب سے فلسطینی خاتون رکن پارلیمنٹ منی منصور کو ہراساں کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت گری ہوئی اور بزدلانہ حرکت قرار دیا ہے۔ اسرائیلی جیل سے لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ فتح عباس ملیشیا کی ایسی کارروائیوں پر اپنی پوزیشن واضح کرے اور مغربی کنارے میں ہونے والی ایسی حرکات کا سدباب کرے۔ ادھر فلسطینی وزارت انصاف نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے عباس ملیشیا کے گھر میں داخل ہونے کو پارلیمانی حقوق کی صریحاً نفی اور تمام اخلاقی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ محمود عباس اور ان کی ملیشیا اس گھٹیا حرکت کے ذمہ دار ہیں۔ وزارت انصاف نے حقوق انسانی کی تنظیموں، عرب و مسلم ممالک’ عرب لیگ اور او آئی سی سے بھی مداخلت کی اپیل کی ہے۔