الخلیل (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فوج کی فوجی سنسر شپ نے منگل کی شب اس واقعے کی تفصیلات منظر عام پر لانے کی اجازت دی ہے جس میں گذشتہ رات الخلیل کی صہیونی بستی “کریات اربع” میں ایک اسرائیلی فوجی اپنے ہی ساتھی کی گولی سے ہلاک ہوا۔
صہیونی ویب سائٹ “والا” کے مطابق ہلاک ہونے والا فوجی اس وقت گولی کا نشانہ بنا جب “بارڈر گارڈ” فورس کے ایک اور فوجی نے اس پر فائرنگ کر دی۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول فوجی نے اپنے ساتھی کی جانب بندوق تانی جس پر دوسرے فوجی نے جوابی طور پر ہتھیار نکال کر فائر کر دیا جس سے وہ موقع پر ہی مارا گیا۔
صہیونی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے فوجی کو چند ماہ قبل ایک عسکری کارروائی کے دوران زخمی ہونے کے بعد شدید نفسیاتی دباؤ کا سامنا تھا۔ اس نے گمان کیا کہ اس کا ساتھی فوجی اسے مارنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے باعث اس نے فوری طور پر فائر کھول دیا۔
یہ واقعہ قابض فوج کے اندر پائی جانے والی افراتفری، ذہنی دباؤ اور اندرونی ٹوٹ پھوٹ کی ایک اور مثال ہے جو غزہ میں جاری جنگ، فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ مظالم اور روز افزوں شکستوں کے نتیجے میں قابض فوج کے اہلکاروں کے نفسیاتی زوال کو نمایاں کرتی ہے۔