دبئی پولیس نے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے شعبہ خارجہ کے سربراہ مئیر ڈگان کو ایک ماہ قبل القسام بریگیڈ کے کمانڈرمحمود المبحوح کے قتل کے الزام میں مطلوب قرار دیتے ہوئے انٹرپول سے ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کے روز دبئی پولیس چیف خلفان تمیم نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ مبحوح کے قتل میں اگر سوفیصد نہیں تو کم از کم 99 فیصد ہاتھ موساد کا ہے، دبئی پولیس کی تحقیقات کی روشنی میں انٹرپول کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ موساد کے خارجی شعبے کے چیف میئرڈگان کے جائے قیام کا تعین کرے اور اسے گرفتار کرکے دبئی پولیس کے حوالے کیا جائے۔ دبئی پولیس چیف نے کہا کہ تفتیشی حکام مبحوح کے قتل کی تحقیقات کئی مزید پہلوؤں سے جاری رکھے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں حملہ آوروں نے جو پاسپورٹ استعمال کیے ہیں، وہ صحیح ہیں اوران کی روشنی میں تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ خلفان تمیم نے حملہ آوروں کو “احمق گروہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد بچ نہیں سکیں گے۔