(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی شاہ ہمدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ ،پاکستان عوامی تحریک کے رہنما قیصر اقبال قادری،سابق مشیر برائے حکومت پاکستان ڈاکٹر عالیہ امام، ایمیٹی انٹر نیشنل کے طارق شاداب اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابو مریم نے فلسطین رہنما خالد مشعل کی والد ہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے خالد مشعل سے مکمل ہمدردی اور دلی تعزیت پیش کی ہے، واضح رہے کہ دو روز قبل فلسطینی رہنما خالد مشعل کی والدہ اردن میں رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئیں تھیں، خالد مشعل اس وقت فلسطینی تحریک آزادی حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ ہیں۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے خالد مشعل کی والدہ کے انتقال پر ان کے لئے خصوصی دعائے مغفرت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کے ہر دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور پاکستانی فلسطین کے آزادی کے لئے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔