روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل آئندہ ہفتے روس کا دورہ کریں گے، اپنے اس دورے کے دوران وہ روس کی اعلیٰ سطح کی سیاسی قیادت اور حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ روسی سرکاری خبررساں ادارے نے وزیرخارجہ”انڈری نیسٹیرینکو” کے نام منسوب شائع بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ خالد مشعل کے دورے میں فلسطین میں انتشار کے خاتمے سے متعلق بات چیت ایجنڈے کا بڑا حصہ ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روس فلسطین میں فتح اور حماس سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کرانے کا حامی ہے اور اس مقصد کے تمام ترممکنہ کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ روسی وزیرخارجہ نے مصر کی جانب سے مفاہمت کے لیے کی جانی والی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ فلسطین میں تمام دھڑوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے اور ماسکو اس مقصد کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھےگا۔ واضح رہے کہ2006ء میں حماس کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد خالد مشعل کا یہ تیسرا دورہ ماسکو ہے۔ خالد مشعل حال ہی میں سعودی عرب، ایران، شام سمیت کئی عرب ممالک کا تفصیلی اور طویل دورہ مکمل کر کے آئے ہیں۔