حیدرآباد: مسلمانان عالم فلسطینی عوام پر ہونے والے صیہونی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں
۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (حیدرآباد چیپٹر ) اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول محمد وحید قریشی (صوبائی رہنما جماعت اسلامی پاکستان )،حسین بخش حسینی (ضلعی رہنما جمعیت علماء پاکستان)،قاری سلیمان اعوان(رہنما اہلسنت والجماعت)،اور عباس مرتضائی نے حیدر آباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ماہ رمضان المبارک کی فضیلتوں اور برکتوں سے دوگنا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک سے ہی مرکز کی ہدایات کے مطابق لاہوربھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کیا جائے گا اس عنوان سے حیدرآبادبھر میں بینرز،پوسٹر ز اور دیگر تشہیری مہم کے ذریعے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا،جبکہ فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے آگاہی مہم کے تحت تصویری نمائشوں سمیت پریس کلب میں غزہ کے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کے حالات پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم دکھائی جائے گی ۔