اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کی 20 تاریخ کو حماس اور فتح کے مابین دوسری ملاقات ہو گی، دمشق میں ہونے والی اس رابطے میں فلسطینی مصالحت پر بحث و مباحثہ کیا جائے گا۔ رشق نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو روز سے فریقین کے مابین اگلی ملاقات کے متعلق مشاورت جاری تھی اور بالاخر 20 تاریخ کا تعین کر لیا گیا، فریقین کے مابین اس گفت و شنید کے درمیان سکیورٹی معاملات پر بات چیت سب سے اہم ہو گی۔ رشق کے مطابق سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کے دوران اس مقصد کے لیے مشترکہ کمیٹی کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ واضح رہے کہ فلسطینی جماعتوں کے مابین اتحاد اور فلسطینی مصالحت کے حصول کے لیے پچھلے ماہ حماس اور فتح کی قیادت کی ایک ملاقات دمشق میں ہوئی تھی، اس ملاقات کے مابین دونوں اطراف سے مثبت رویے کا اظہار کیا گیا تھا۔