حماس کے فوجی کمانڈرایاد اسعد شلبای کے قتل کا ذمہ دار امریکا ہے،اسرائیل شر مطلق ہے خیر کی امید کرنا جہالت ہے ،غاصب صہیونی ریاست اسرائیل امن کے نام پر فلسطینی عوام اور فلسطینی رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے ،کمانڈر ایاد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ان خیالات کااظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (سابق رکن قومی اسمبلی جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی(رہنما جمعیت علمائے پاکستان)،علامہ آفتاب حیدر جعفری (رہنما جعفریہ الائنس پاکستان)اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے جمعہ کے روز فلسطین کے مغربی کنارے میں نابلس میں صہیونی فوجوں کی دہشت گردانہ کاروائی کے نتیجہ میں شہادت پانے والے حماس کے فوجی سربراہ کمانڈر ایاد اسعد شلبای کی شہادت پر صہیونی فورسز کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ اسرائیل ایک مرتبہ پھر فلسطین پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے جس کے لئے آئے روز فلطسنیوں پر بمباری اور فلسطینی رہنماؤں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہاہے،انکاکہنا تھا کہ ایک طرف دنیامیں امن قائم کرنے کے دعویدار اور ٹھیکدار امریکا کی سرپرستی میں فلسطینی نام نہاد صدر محمود عباس اور صہیونی حکومت مذاکرات کی میز سجا رہی ہے جبکہ دوسری طرف فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کاکہنا تھاکہ امن مذاکرات میں نام نہاد فلسطینی رہنما محمود عباس در اصل فلسطینی عوام کے خون کا سودا کر رہے ہیں جس کا ثبوت گذشتہ ایک ہفتے سے اسرائیل فوجیں دے رہی ہیں کہ جس کے نتیجہ میں ایک ہفتے کے دوران سات سے زائد فلسطینی شہید جبکہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے فوجی سربراہ کی شہادت بھی شامل ہے۔رہنماؤں کاکہنا تھا جمعہ کے روز حماس کے فوجی سربراہ کمانڈر ایاد اسعد شلبای کی صہیونی درندوں کے ہاتھوں مظلومانہ شہادت کی ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے جوکہ اسرائیلی جرائم کی پشت پناہی کرنے میں مصروف عمل ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ دنیا غزہ کے پندرہ لاکھ محصورین اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف ایکشن لے اور فلسطینیوں کی بھرپور مدد کی جائے،اس موقع پر رہنماؤں کاکہنا تھا کہ اسرائیل ایک شر مطلق ہے جس سے کسی بھی قسم کی خیر کی توقع کرنا جہالت کی بات ہے لہذٰا مذاکرات کی میز سجانے والے ممالک امریکا،مصر اور اردن کو چاہئیے کہ صہیونی ریاست اسرائیل کی پشت پناہی سے باز آ جائیں،اس موقع پر رہنماؤں نے حماس کے کمانڈر ایاد اسعد کی شہادت پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ خالد مشعل اور اسماعیل ہنیہ سمیت شہید ایاد اسعد کے ورثا کو تعزیت پیش کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا،اور دعا کی کہ انشاء اللہ فلسطینی تحریک آزادی ضرور پایہ تکمیل کو پہنچے گی اور غاصب ریاست اسرائیل نابود ہو گی۔