اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے ام الرشراش اور عقبہ کے شہروں پر راکٹ فائر کرنے میں حماس کے ملوث ہونے کے اسرائیلی الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ حماس کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا دائرہ فلسطین کی اراضی تک محدود ہے اور حماس کی ساری تاریخ اس بات کی گواہ ہے۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے حماس کے بیان کے مطابق حماس اپنے تمام برادر ممالک کی خود مختاری اور ان ممالک بالخصوص مصر میں امن کے قیام کی شدید آرزومند ہے۔ بیان میں صہیونی میڈیا کی جانب سے گاہے بگاہے حماس پر لگائے جانے والے الزامات سے خبردار کیا گیا کہ ان الزامات کا مقصد دنیا کی توجہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے صہیونی مظالم سے ہٹانا ہوتا ہے۔ حماس نے اس سے قبل فلسطینی ذرائع کی جانب سے دیے جانے والے بیان کی بھی مذمت کی جس میں کہا گیا تھا کہ جو کچھ ہوا اس سے حماس کا تعلق ہے، حماس نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے سیاسی نفرت پھیلے گی اور حماس کے خلاف جارحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔