دبئی پولیس کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ضاحی خلفان نے موساد سربراہ مئیر داغان سے کہا ہے کہ وہ ایک انسان کی طرح اپنا طرز عمل دکھائے اور یہ تسلیم کرے کہ اسی کی آئمہ پر حماس رہنما محمودالمبحوح کے قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔ جنرل ضاحی خلفان نے دبئی کے اخبار الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے محکمے کو حماس کے رہ نما محمود المبحوح کے مقدمہ قتل سے متعلق نئے شواہد ملے ہیں اور قتل کی کارروائی میں شریک مجرموں میں سے بعض کے ڈی این اے فنگر پرنٹس مل گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں سے اکثر مجرم اس وقت اسرائیل میں موجود ہیں اور انہیں پکڑنے کیلئے ضروری ہے کہ ان ممالک کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے ،جن ممالک کے پاسپورٹ انہوں نے استعمال کئے ہیں۔ دبئی پولیس چیف نے کہا کہ موساد چیف اور اسرائیلی وزیر اعظم اس صورت میں ضرور اشتہاری ملزم قرار پائیں گے اگر یہ جرم ان پر ثابت ہوا اور اب تک کے شواہد سے یہ ثابت ہورہا ہے کہ موساد اس میں کلی طورپر ملوث ہے۔